کولمبو (کیو این این ورلڈ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے لیے شائقینِ کرکٹ کا انتظار اب ختم ہونے کو ہے اور ہائی وولٹیج میچ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ یہ بڑا ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق آج شام ساڑھے چھ بجے کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب کا امتحان اور صلاحیتوں کا بھرپور اظہار دیکھنے کو ملے گا۔ ایک طرف بھارتی ٹیم اپنے بیٹنگ کے مضبوط ہتھیاروں کے ساتھ میدان میں اترے گی تو دوسری طرف پاکستانی شاہین اپنی برق رفتار بولنگ سے حریف پر وار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ قومی ٹیم نے اس بڑے معرکے سے قبل بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں جی توڑ محنت کی ہے اور کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔
کرکٹ کے اس اہم میچ سے قبل دلچسپ صورتحال اس وقت دیکھنے میں آئی جب بھارتی بیٹرز پاکستانی بولر عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن سے پریشان دکھائی دیے، جس کے باعث بھارتی ٹیم نے نیٹ سیشن کے دوران عثمان طارق کے ایکشن سے ملتے جلتے بولرز کے خلاف خصوصی پریکٹس کی تاکہ وہ میچ کے دوران کسی بھی مشکل کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہ سکیں۔ دوسری جانب کولمبو میں میچ کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور تماشائیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، تاہم ماہرینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ اس بڑے میچ میں جو ٹیم اپنے اعصاب پر قابو پانے میں کامیاب رہے گی، وہی فتح کا تاج پہنے گی۔ دونوں ممالک کے کروڑوں شائقین اپنے اپنے ملک کی جیت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور گراؤنڈ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے۔
میچ کے حوالے سے تشویشناک خبر سری لنکن محکمہ موسمیات کی جانب سے سامنے آئی ہے، جس نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا نظام بن رہا ہے جس کے باعث اتوار کی شام کولمبو میں بارش کا قوی امکان ہے، جس سے پاک بھارت ٹاکرا متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ موسم کی اس غیر یقینی صورتحال نے شائقین کو کسی حد تک پریشان کر دیا ہے، تاہم گراؤنڈ انتظامیہ نے بارش کی صورت میں گراؤنڈ کو کور کرنے کے لیے ہنگامی انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ اگر بارش نے مداخلت نہ کی تو شائقین کو ایک یادگار اور تاریخی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جس میں دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کریں گی۔