پشاور/کراچی (کیو این این ورلڈ) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان سیاسی جدوجہد اور صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بیانات کا تبادلہ ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد میں مزید اضافہ ہوگا اور تمام کارکنان پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، تاہم ان کا عزم ہے کہ پارٹی کی سیاسی تحریک ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید توانا ہوگی۔
دوسری جانب، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو بطور پارٹی ایک واضح لائن لینی ہوگی کیونکہ وزیر اعلیٰ کو خود معلوم نہیں کہ اصل صورتحال کیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ایک دوسرے کو پاسز دے کر فٹبال میچ کھیل رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے معاملے پر ان کے بیانات تضاد کا شکار ہیں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ کبھی دہشت گردی کا ملبہ افغانستان پر ڈالا جاتا ہے تو کبھی مذاکرات کی بات کی جاتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ وزیر اعلیٰ پہلے صوبے کی اصل صورتحال کا ادراک کریں اور پھر کوئی موقف اپنائیں۔