بہاولپور (کیو این این ورلڈ) چولستان کی مٹیالے صحرا میں جاری جیپ ریلی کے چوتھے روز اسٹاک کیٹگری کے سنسنی خیز مقابلے منعقد ہوئے، جس میں اے کیٹگری کے ریسر ازمارے سرانجام نے میدان مار لیا۔ ازمارے سرانجام نے 236 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریک محض 2 گھنٹے 9 منٹ اور 54 سیکنڈز میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری میں ریسر عنایت خان 2 گھنٹے 25 منٹ اور 59 سیکنڈز کے ساتھ دوسرے جبکہ محمد نعیم گورائیہ نے 2 گھنٹے 31 منٹ اور 35 سیکنڈز میں فاصلہ طے کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ صحرائی ٹریک پر گاڑیوں کی تیز رفتاری اور مٹی اڑاتے ٹائروں نے شائقین کے جوش و خروش کو انتہا پر پہنچا دیا، جبکہ اسٹاک کیٹگری میں مجموعی طور پر 79 گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سے صرف 43 گاڑیاں فنش پوائنٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
بی کیٹیگری میں ریسر ریان خلیل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹریک 2 گھنٹے 12 منٹ اور 38 سیکنڈز میں مکمل کیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ رب نواز جوئیہ 2 گھنٹے 14 منٹ کے ساتھ دوسرے اور راشد گورائیہ تیسرے نمبر پر رہے۔ سی کیٹیگری کے مقابلوں میں راؤ حماد الرحمان نے دو گھنٹے 27 منٹ 53 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، ان کے تعاقب میں منیم جھنڈیر دوسرے اور علی اکبر لغاری تیسرے نمبر پر رہے۔ صحرائی ٹریک کی سختی کے باعث کئی گاڑیاں مڈ پوائنٹ سے آگے نہ بڑھ سکیں، تاہم تجربہ کار ڈرائیورز نے اپنی مہارت سے ریت کے ٹیلوں کو عبور کر کے کامیابی حاصل کی۔
ڈی کیٹیگری میں فلک شیر نے مقررہ ٹریک 2 گھنٹے 24 منٹ اور 18 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، اسامہ کھوسہ نے دوسری اور جمیل احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ منتظمین کے مطابق اسٹاک کیٹگری کے مقابلوں میں حصہ لینے والی 79 گاڑیوں میں سے 61 گاڑیاں مڈ پوائنٹ تک پہنچ پائیں، جبکہ فنی خرابیوں اور ٹریک کی دشواری کے باعث فنش پوائنٹ تک پہنچنے والی گاڑیوں کی تعداد 43 رہی۔ چولستان جیپ ریلی کے یہ مقابلے مقامی ثقافت اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ملک بھر سے آئے ہوئے ریسر اپنے جوہر دکھا کر شائقین سے داد وصول کر رہے ہیں۔