چترال (کیو این این ورلڈ) چترال کے بالائی علاقوں اور لوئر چترال کے مختلف مقامات پر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث پورے خطے میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق گرم چشمہ، یارخون، چرون، بونی، مستوج، موڑ کہو اور تورکہو میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جس نے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی متاثر کر دیا ہے۔ برفباری کے باعث جہاں مناظر دلفریب ہو گئے ہیں وہیں سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے حادثات کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
برفباری کے باعث پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں پشاور سے آنے والی ایک ہائی ایس گاڑی کورارغ کے مقام پر سڑک پر شدید پھسلن کی وجہ سے بے قابو ہو کر دریائے مستوج میں جا گری۔ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو دریا سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال بونی منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ برفباری کے دوران سفر کرتے وقت گاڑیوں کے ٹائروں پر زنجیروں کا استعمال یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔