سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ وقاص اسلم) سوشل میڈیا پر اپنی منفرد ویڈیو کے باعث شہرت پانے والے "چاچا ہیلمٹ” کی مشکل بالآخر حل ہو گئی ہے اور ٹریفک پولیس نے انہیں مناسب سائز کا ہیلمٹ فراہم کر دیا ہے۔ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ چاچا ہیلمٹ ٹریفک قوانین کی پاسداری کی کوشش میں ہیلمٹ پہننے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں، تاہم وہ ان کے سر پر مکمل طور پر فٹ نہیں ہو پا رہا تھا۔ اس ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، وہیں یہ معاملہ انتظامیہ کی توجہ کا مرکز بھی بنا۔ اس مسئلے کے حل کے لیے سیالکوٹ کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت انور خواجہ اور انور خواجہ انڈسٹری نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر قدم اٹھایا اور چاچا ہیلمٹ کو ان کے سائز کا ہیلمٹ باقاعدہ طور پر پہنایا گیا۔

اس اقدام کو عوامی اور سماجی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور شہریوں نے ٹریفک پولیس اور انور خواجہ انڈسٹری کے اس جذبے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اس طرح کے مثبت اور ہمدردانہ اقدامات نہ صرف شہریوں میں آگاہی پیدا کرتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق چاچا ہیلمٹ کو ہیلمٹ کی فراہمی ایک چھوٹی سی کاوش نظر آتی ہے لیکن اس کے پیچھے چھپا ہوا پیغام بہت گہرا ہے کہ سڑکوں پر حفاظت ہر شہری کا حق اور ذمہ داری ہے، چاہے اس کے لیے خصوصی انتظامات ہی کیوں نہ کرنے پڑیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے