ڈیرہ غازی خان (منظورخان لغاری کی رپورٹ)حلقہ PP-289 ڈیرہ غازی خان-IV کے ضمنی انتخاب میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سمیت پورا انتخابی سیٹ اپ تبدیل کر دیا ہے۔ یہ تبدیلی امیدوار سردار دوست محمد خان کھوسہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں انہوں نے سابقہ تعینات افسران پر جانبداری اور غیر منصفانہ طرزِ عمل کے الزامات عائد کیے تھے۔

درخواست میں سردار دوست محمد خان کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ حلقے میں کام کرنے والے بعض AROs اور RO پر انہیں اعتماد نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ افسران کے بین الاضلاعی جلسوں میں موجود رہنے، بعض امیدواروں کو رعایت دینے اور یکطرفہ فیصلے کرنے کی شکایات سامنے آئیں جس کے باعث وہ شفاف انتخابات کی توقع نہیں رکھ سکتے تھے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار رکھنے کے لیے پورے عملے کی تبدیلی ناگزیر ہے۔

درخواست پر غور کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 دسمبر 2025ء کو باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے مطابق حلقہ PP-289 کے لیے نئے انتخابی افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے تحت مسٹر شکیل احمد، ریجنل الیکشن کمشنر ڈی جی خان کو نیا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (DRO) مقرر کیا گیا ہے جو سابقہ DRO محمد عثمان خالد (ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان) کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اسی طرح مسٹر ناصر مقصود، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈی جی خان کو حلقے کا نیا ریٹرننگ آفیسر (RO) مقرر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ ذمہ داری شاہد ندیم رانا، سی ای او ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے پاس تھی۔ الیکشن کمیشن نے دونوں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز بھی تبدیل کرتے ہوئے محمد جنید خان، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ اور ساقب عدنان، اسسٹنٹ کمشنر جام پور کو نئے AROs تعینات کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ تبدیلیاں انتخابات ایکٹ 2017ء کی دفعات 50 اور 51 کے تحت کی گئیں، جن کا مقصد انتخابی عمل میں مکمل غیر جانبداری اور شفاف ماحول کی فراہمی ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے افسران فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے تاکہ حلقے میں انتخابی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

واضح رہے کہ حلقہ PP-289 کا ضمنی انتخاب 25 جنوری 2025ء کو منعقد ہو گا، جبکہ نئے مقرر کردہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے