بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) گورنمنٹ گرائجویٹ کالج فار ویمن دبئی محل روڈ بہاولپور میں "ڈرگز فری سوسائٹی- صحت مند و خوشحال ملک و قوم” کے عنوان سے ایک پروقار آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ حمید کی زیر نگرانی منعقدہ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن، لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) احمر نثار ستی (تمغہ امتیاز ملٹری) تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمر نثار ستی نے خبردار کیا کہ منشیات نہ صرف خاندانوں اور معاشرے کو تباہ کر کے قبرستان میں تبدیل کر دیتی ہے، بلکہ یہ ملک کی حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو یاد دہانی کرائی کہ دین اسلام میں ہر قسم کی نشہ آور چیز حرام ہے کیونکہ ڈرگز انسان کی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتی ہیں، لہٰذا نوجوان نسل کو نشے سے دور رہ کر جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے کامیابی حاصل کرنی چاہیے۔

مہمانِ خصوصی نے پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی مختلف اقسام، ان کی ہولناک ساخت اور انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پورے صوبے، بالخصوص بہاولپور ڈویژن میں منشیات کے خاتمے کے لیے پوری ایمانداری کے ساتھ برسرِ پیکار ہے اور اس حوالے سے عملی و مثالی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تقریب کے دوران طالبات نے منشیات کے تدارک کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے، جبکہ ہال "منشیات کے خلاف جنگ- پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے سنگ” اور "ڈرگ فری بہاولپور” کے نعروں سے گونج اٹھا جس سے شرکاء کا جذبہ دیدنی تھا۔ انسپکٹر افتخار احمد کی زیر نگرانی ٹیم اور کالج کے سینئر اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ حمید نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی ادارے طالبات کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انسپکٹر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کر کے ایک صحت مند نسل کی آبیاری کرنا ہے، تقریب کا باقاعدہ اختتام قومی ترانے پر ہوا۔
