بہاولپور (نامہ نگار حبیب خان)نئے سال کے موقع پر شہریوں کو مضرِ صحت اور ناقص گوشت فراہم کرنے کی کوشش پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے پولیس کے تعاون سے ایل پی روڈ مسافر خانہ کے قریب ایک گاڑی کو روک کر بڑی مقدار میں بدبودار اور غیر معیاری گوشت برآمد کر لیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 450 کلوگرام ناقص اور غیر صحت بخش گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ سپلائر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ضبط کیا گیا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے مجموعی طور پر 11 من سے زائد بدبودار مرغی کا گوشت برآمد ہوا، جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا۔ بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ نئے سال میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مضرِ صحت اشیاء کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 یا سوشل میڈیا کے ذریعے فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے