اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے 400 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ برٹش جیولوجیکل سروے اور پاکستانی ادارے کے درمیان تعاون سے ملک کے منرل سیکٹر میں انقلابی ترقی ممکن ہوگی۔ انہوں نے برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں آف شور تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری اور سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کی دعوت بھی دی۔ فریقین نے توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی مضبوطی اور اوگرا کی تنظیمِ نو کے لیے تشخیصی جائزے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے۔