سرگودھا(کیو این این ورلڈ) سرگودھا کے علاقے قصبہ مٹھہ لک میں شادی کا جھانسہ دے کر دلہے کو لوٹنے کی انوکھی واردات پیش آئی ہے جہاں نکاح کی تقریب کے فوراً بعد دلہن اور اس کے رشتہ دار نقدی لے کر رفو چکر ہو گئے۔ متاثرہ دلہا کے مطابق نکاح کی رسمی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مٹھائی تقسیم کی گئی، تاہم اسے مخصوص طور پر نشہ آور مٹھائی کھلائی گئی جس کے کھاتے ہی وہ بے ہوش ہو گیا۔ متاثرہ شخص نے بتایا کہ جب اسے ہوش آیا تو وہاں نہ دلہن موجود تھی اور نہ ہی اس کا مبینہ بھائی یا رشتہ کروانے والی خاتون، جس کے بعد اسے احساس ہوا کہ وہ ایک بڑے فراڈ کا شکار ہو چکا ہے۔

متاثرہ دلہا نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اس نے شادی کرانے کے عوض رشتہ کرانے والی خاتون کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے تھے جبکہ نکاح کے موقع پر مزید 20 ہزار روپے دیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق اس فراڈ میں ملوث مبینہ دلہن، اس کے ساتھی عمر حیات اور رشتہ کروانے والی خاتون شاہدہ پروین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور فراڈیوں کے اس گروہ کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے