پشاور (کیو این این ورلڈ) جماعت اسلامی کے نائب امیر اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی مولانا وحید گل کی رہائش گاہ کے باہر بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ مولانا وحید گل کے گھر کے عین باہر ہوا جس سے گھر کی دیواروں اور وہاں کھڑی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مولانا وحید گل نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اہل خانہ محفوظ ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات اور شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکے میں آئی ای ڈی (ریموٹ کنٹرول بم) استعمال کی گئی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے اور سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔