کشمور(کیو این این ورلڈ/ وقار احمد اعوان): ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ اے سیکشن کندھ کوٹ کی حدود میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ حیبت روڈ شالو موڑ کے قریب دورانِ گشت انچارج مددگار کندھ کوٹ خلیل لغاری اور ان کی ٹیم نے مشکوک افراد کو ڈکیتی کی نیت سے کھڑا پایا، جنہیں رکنے کا اشارہ کرنے پر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی بغیر کسی چوٹ کے حراست میں لے لیا گیا، تاہم ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت احمد علی ولد علی رضا میرانی کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے ایک عدد پسٹل برآمد کر لیا گیا، زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بغیر کسی چوٹ کے گرفتار ہونے والے دوسرے ملزم کی شناخت شیر خان ولد شاہ بیگ سبزوئی کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزمان کندھ کوٹ شہر میں ہندو تاجروں سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری اور موبائل فون چھیننے جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ مزید برآں، یہ ملزمان گزشتہ روز اسی علاقے میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران ایک راہگیر ورن کمار کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کی واردات میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے متعدد جرائم کا اعتراف کر لیا ہے اور پولیس ان سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ ان کے مفرور ساتھیوں اور دیگر وارداتوں کے بارے میں سراغ لگایا جا سکے۔ ایس ایس پی کشمور نے پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی اور بہادری کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضلع میں کسی بھی جرائم پیشہ گروہ کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز بلا امتیاز جاری رہیں گے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔