نئی دہلی (کیو این این ورلڈ) بھارتی دارالحکومت دلی میں مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے تحت بی جے پی سرکار نے فیض الٰہی مسجد کے قریب واقع مسلمانوں کی قدیم بستی پر بلڈوزر چلا کر متعدد مکانات مسمار کر دیئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے والے کئی مسلمانوں کو پولیس نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ متاثرین نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے نہ صرف گھروں کو گرایا بلکہ نجی املاک کی توڑ پھوڑ بھی کی اور شہریوں کی اسکوٹروں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ علاقے میں شدید کشیدگی اور غم و غصے کی لہر دوڑ جانے کے بعد انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ ردعمل کو روکنے کے لیے ریپڈ ایکشن فورس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔