اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان اور میانمار کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ دستخط کی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے شرکت کی اور یادداشت پر دستخط کیے۔

قبل ازیں میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی کی دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے تعلقات طویل تاریخ کے حامل ہیں اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں میانمار کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور میانمار میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور میانمار کے درمیان ثقافت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

وزیر خارجہ میانمار تھان سوی نے شاندار میزبانی پر نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی اور زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تھان سوی نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی تعلقات کو بڑھایا جا رہا ہے اور مشکلات کے باوجود روابط کو قابل قدر بنایا جائے گا۔

یہ مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے اور تجارتی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے میں اہم قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے