لاہور (کیو این این ورلڈ)بھاٹی گیٹ کے علاقے میں خاتون اور اس کی بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے مقدمے میں بڑی اور اہم قانونی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پولیس نے کیس کو مضبوط بنانے کے لیے مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 316 کا اضافہ کر دیا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق دفعہ 316 کے تحت ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ اس دفعہ کی خاص بات یہ ہے کہ مدعی کے معاف کرنے کے باوجود بھی ملزمان سزا سے نہیں بچ سکتے۔ دفعہ 316 کے اضافے سے کیس کی نوعیت مزید سنگین اور مضبوط ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مقدمے میں دفعہ 322 شامل تھی، جو دیت سے متعلق ہے۔ دفعہ 322 کے تحت دیت کی ادائیگی کی صورت میں ملزمان کو عدالت سے رہائی مل سکتی ہے، تاہم دفعہ 316 کے اضافے کے بعد اب معاملہ صرف دیت تک محدود نہیں رہا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے ہی مقدمے میں دفعہ 316 شامل کی گئی ہے۔ اس وقت مقدمے میں نامزد پانچوں ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں اور ان سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے