نئی دہلی (کیو این این ورلڈ)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستان پر سخت نکتہ چینی کی ہے اور الزام لگایا ہے کہ پاکستان بنگلادیش کو اکسا رہا ہے۔ بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو میں راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے بنگلادیش کی مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بھارت میں ان کی ٹیم کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، لیکن بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی حکومت نے ٹیم بھارت بھیجنے سے منع کر دیا۔
راجیو شکلا نے کہا کہ بنگلادیش کے آخری لمحے میں نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد پورے شیڈول میں تبدیلی بہت مشکل تھی، جس کے سبب اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان پر الزام لگایا کہ وہ بغیر کسی وجہ کے اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلادیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ سراسر غلط ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش نے بھارت جانے سے انکار کر دیا اور اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن آئی سی سی نے بنگلادیش کی درخواست رد کر دی اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
دوسری جانب، آئی سی سی ورلڈ کپ سے بنگلادیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ احتجاج کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی نے وزیر اعظم سے ملاقات میں تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔