ممبئی: (کیو این این ورلڈ)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر کھیل پر سیاست کو ترجیح دیتے ہوئے ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ میں آ کر بنگلہ دیشی اسٹار فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سے ریلیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوا جیت سائیکیا نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ملکیتی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو باضابطہ طور پر کہا ہے کہ وہ حالیہ علاقائی پیش رفت اور شدید عوامی و سیاسی دباؤ کے پیشِ نظر مستفیض الرحمان کو فوری طور پر اپنی ٹیم سے الگ کر دیں۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کے کے آر متبادل کھلاڑی کا مطالبہ کرتی ہے تو اس کی اجازت دے دی جائے گی، تاہم موجودہ حالات میں بنگلہ دیشی کرکٹر کی آئی پی ایل میں شمولیت ممکن نہیں رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی نیلامی (آکشن) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو 9.2 کروڑ بھارتی روپے کی بھاری رقم کے عوض حاصل کیا تھا، جس کے بعد سے انتہا پسند حلقوں اور مہاراشٹرا کے مقامی سیاست دانوں نے شاہ رخ خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، بنگلہ دیش کے ساتھ جاری حالیہ سیاسی تناؤ کو جواز بنا کر ہندو تنظیموں نے دھمکی دی تھی کہ وہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو کرکٹ کے حلقوں میں تنگ نظری اور کھیل میں سیاسی مداخلت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف فرنچائز کے منصوبوں کو نقصان پہنچا ہے بلکہ آئی پی ایل کے بین الاقوامی وقار پر بھی سوالیہ نشان اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے