ڈھاکہ (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت میں پابندیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مزید تین اہم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگلادیشی وزارت خارجہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہیں، جس کے تحت بھارتی شہریوں کے لیے کاروباری اور ملازمت کے ویزوں کے علاوہ تمام اقسام کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔ تازہ فیصلے کے مطابق کولکتہ میں بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں بھی سیاحتی سمیت دیگر تمام ویزا سروسز معطل رہیں گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ سخت اقدام بھارت میں ان سفارتی مشنز میں پیش آنے والے سکیورٹی سے متعلق ناخوشگوار واقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے، اور یہ فیصلہ مکمل طور پر سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر کو بھی بنگلادیش نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی میں قائم ویزا سینٹر میں خدمات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ سفارتی مشنز کی بندش اور ویزا خدمات کی معطلی سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس سے عام مسافروں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے