بلوچستان میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سفاک دہشت گردوں نے بلوچ روایات اور غیرت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے ایک بلوچ بیٹی کی عزت تار تار کر دی ہے، جس نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ تنظیم بلوچ قوم کے نام پر ایک بدنما داغ بن چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق مکران ڈویژن سے تعلق رکھنے والی خاتون حنال بلوچ کو بی ایل اے کے کمانڈر دوگزین عرف سرابی نے اپنے دیگر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کیا اور نامعلوم عقوبت خانے میں منتقل کر دیا۔ متاثرہ خاتون کو چار روز تک بدترین جسمانی تشدد اور وحشیانہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ان درندوں نے اسے نیم مردہ حالت میں ایک ویران علاقے میں پھینک دیا۔ مقامی افراد نے خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں پا کر فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکز منتقل کیا ۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کا ایک لرزہ خیز ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں وہ انصاف کے لیے تڑپتے ہوئے اپنی بپتا سنا رہی ہیں، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل رنجیدہ ہے۔
متاثرہ خاتون نے اپنے ہوش ربا بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اسے زبردستی اٹھا کر کئی روز تک ایسی درندگی کا نشانہ بنایا گیا جس کا تصور بھی بلوچ معاشرے میں ممکن نہیں، اس واقعے نے ثابت کر دیا ہے کہ بی ایل اے جیسے گروہ نہ صرف دہشت گرد ہیں بلکہ بلوچ ثقافت اور "چادر و چار دیواری” کے تقدس کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ حنال بلوچ نے حکومت اور مقتدر اداروں سے دہائی دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان نام نہاد آزادی پسندوں کے بھیس میں چھپے بھیڑیوں کو فوری گرفتار کر کے سرِ عام پھانسی دی جائے تاکہ کوئی دوبارہ کسی بلوچ بیٹی کی عزت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں اور قبائلی عمائدین نے اس واقعے کو بلوچ تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو گروہ اپنی ہی ماؤں بہنوں کی عصمت محفوظ نہیں رکھ سکتا، وہ بلوچ حقوق کا محافظ کیسے ہو سکتا ہے؟ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کی اس حرکت نے انہیں پوری دنیا میں رسوا کر دیا ہے اور اب ریاست کو چاہیے کہ وہ ان سفاک عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مظلوم خاتون کو فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ضلع کیچ کے علاقے بلیچہ سے کالعدم تنظیم بی ایل اے نے خاتون نرگس بلوچ کو اغوا کر لیا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو دہشت گردوں کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔