بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان)کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کے ہمراہ فرید گیٹ اور شاہی بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیر و مرمت وبحالی کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاریخی عمارات کی بحالی کے تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
کمشنر بہاولپور مسرت جبیں نے کہا کہ فرید گیٹ اور شاہی بازار بہاولپور کی تاریخی شناخت ہیں، ان کی اصل حالت میں بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی تشخص کو مزید اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ڈیزائن کی جدید لائٹس نصب کی جائیں گی جبکہ فرید گیٹ میں یکساں اور معیاری پول لائٹس لگانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرید گیٹ کی تمام دکانوں کے ڈیزائن اور شیڈز کو یکساں رکھا جائے گا تاکہ تاریخی حسن برقرار رہے اور بازار ایک خوبصورت اور منظم منظر پیش کرے۔
کمشنر بہاولپور نے بتایا کہ فرید گیٹ سے جامع مسجد الصادق تک ٹریل کی بحالی کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس سے شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی بحالی کے منصوبے پر مجموعی طور پر 442.6 ملین روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد بہاولپور کے تاریخی و ثقافتی ورثے کا تحفظ اور اسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہے