ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے درمیان ہونے والی غیر متوقع ملاقات اور مصافحے نے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اعلیٰ سطح پر کوئی سفارتی رابطہ ہوا ہے، جسے کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ مئی کی پاک بھارت جنگ کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین ہر قسم کے سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع ہیں اور تعلقات میں شدید سرد مہری پائی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ بھارتی حکومت نے اپنے کرکٹ کھلاڑیوں کو بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا، تاہم دیگر کھیلوں میں یہ سلسلہ جاری رہا۔ اگرچہ جے شنکر نے گزشتہ سال پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی، لیکن حالیہ جنگ کے تناظر میں ڈھاکا کی یہ ملاقات انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مصافحہ مستقبل میں معطل شدہ سفارتی مذاکرات کی بحالی کے لیے برف پگھلانے کا سبب بن سکتا ہے۔