پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان

اسلام آباد ( کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ براہِ راست عوام پر منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 100 روپے تک کا بڑا اضافہ متوقع ہے، جو مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لیے کسی بڑے جھٹکے سے کم نہیں ہوگا۔

رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی درآمدی لاگت اور موجودہ قیمت میں 100 روپے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر سے زائد کا بڑا فرق موجود ہے۔ حکومت اس فرق کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں مرحلہ وار یا یکمشت بھاری اضافے پر غور کر رہی ہے تاکہ سرکاری خزانے پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

تیل کی قیمتوں میں اس ممکنہ اضافے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات نئی بلند ترین سطح پر پہنچ جائیں گی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا تو اس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی شدید اضافہ ہوگا، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے