آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز سڈنی حملے میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر حملہ آور پر قابو پانے والے احمد ال احمد کا شکریہ ادا کرنے اسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے احمد کی عیادت کی، ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔ البانیز نے آسٹریلوی عوام کی طرف سے بھی احمد کا شکریہ پیش کیا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سڈنی کے بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور تقریباً 40 زخمی ہوئے تھے۔ آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا، ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل تھا جبکہ دوسرے حملہ آور کو حراست میں لیا گیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو قابو پانے میں ایک شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اس کا اسلحہ چھین لیا اور کئی افراد کی جانیں بچائیں۔ یہ بہادر شہری 43 سالہ احمد ال احمد ہیں، جو سڈنی میں دکان پر پھل فروخت کرتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
احمد پر قابو پانے کی کوشش کے دوران انہیں بازو پر 4 سے 5 گولیاں لگیں، لیکن وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی احمد کی بہادری کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس میں انہیں حملہ آور پر قابو پاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین اور آسٹریلوی میڈیا نے احمد کو ہیرو قرار دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی احمد کو بہادر قرار دیا اور کہا کہ اس نے بہت سے لوگوں کی جانیں بچائیں اور قابل احترام ہیں۔