اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی وزیرِ خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، اور اس کے تمام قومی ادارے بشمول مسلح افواج ملکی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو مادرِ وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار رہتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مئی 2025 کی کشیدگی پاکستان کی دفاعی صلاحیت، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ذمہ دارانہ مگر مؤثر ردعمل کا واضح ثبوت ہے۔ کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا اس حقیقت کو مسخ نہیں کرسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک منظم مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد خطے اور بیرونِ ملک بھارت کی تخریبی کارروائیوں اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ ایسا اشتعال انگیز بیانیہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھارت کے عدم احترام کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج سے متعلق بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے بھارت کو اپنے ہندوتوا نظریے کا جائزہ لینا چاہیے، جس نے بھارت میں ماورائے عدالت قتل، پرتشدد کارروائیوں، من مانی گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے واقعات کو عام کر رکھا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور پرعزم ہے۔