اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن نور محمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، خصوصاً جائیدادوں کے تنازعات کے حل کے لیے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جہاں اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شکایات پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے کہ ان کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، کیونکہ وہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نور محمد نے افسران کو تاکید کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جان و مال اور جائیدادوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے جائیداد کے تنازعات کے حوالے سے تواتر کے ساتھ پیروی کریں اور اپنی پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے کمیٹی کو پیش کریں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم شہریوں کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور انتظامیہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔