اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک مضبوط اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کا اکیڈمی پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین الاداراتی تعاون اور جدید پولیسنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا نفاذ پولیس کے پاس ایک مقدس امانت ہے۔ انہوں نے عوامی اعتماد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیاد قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہمیشہ پاکستان پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے آئی جیز، ایڈیشنل آئی جیز اور سینئر پولیس افسران سے ملاقات کی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے