اوچ شریف (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے مبارک پور کے قریب گرڈ اسٹیشن کے پاس باراتیوں کی بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں تین خواتین زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارات والی بس چوک بھٹہ احمد پور شرقیہ سے مبارک پور کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کے مطابق اسٹیئرنگ لاک ہو گیا، جس کے باعث بس بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والی خواتین میں زرینہ بی بی زوجہ محمد صادق، عمر 38 سال، شامل ہیں، جنہیں دائیں ٹانگ میں فریکچر کا شبہ ہے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا۔

دیگر زخمیوں میں نسیم بی بی زوجہ عبدالرحمن، عمر 50 سال، اور رضیہ بی بی زوجہ محمد یعقوب، عمر 35 سال شامل ہیں، جنہیں معمولی خراشیں اور پٹھوں میں درد کی شکایت تھی۔ دونوں خواتین کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو عملہ حادثے کے بعد طویل وقت تک جائے وقوعہ پر موجود رہا اور بس کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کروائی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے نے باراتیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے