لاہور (کیو این این ورلڈ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماہ صیام کے لیے عوامی ریلیف اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے رمضان نگہبان کارڈ اور نگہبان دسترخوان کے اجرا کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں نادار افراد کے لیے سی ایم راشن کارڈ، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی بھی منظوری دی گئی۔

رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو کیش کے علاوہ ضروری اشیاء خریدنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ ہر گھر جا کر کارڈ فراہم کرے گی۔ بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹ، ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم اور مقررہ دکانداروں سے کیش اور اشیاء حاصل کی جا سکیں گی۔ کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے پنجاب بھر میں 136 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ راشن کارڈ ہولڈرز کو ماہ رمضان میں 3 ہزار کی بجائے 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ہر تحصیل میں 8 "نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان” قائم کیے جائیں، جہاں روزانہ دو ہزار روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جائے گی۔ افطاری میں کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی شامل ہوگی۔ رمضان المبارک میں 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار اور 50 سہولت آن دی گو فعال ہوں گے جبکہ دیگر 11 اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں کوئی بھی مستحق خاندان تنہا محسوس نہ کرے، صاحب ثروت افراد کو اپنے ارد گرد موجود مستحقین کی مدد کرنی چاہیے، اور خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض سرانجام دینے سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا اور رزق بڑھتا ہے۔ انہوں نے افسران سے رمضان میں مخلوق کی خدمت میں کسر نہ چھوڑنے کا عہد کرنے اور صفائی و بیوٹیفکیشن کے کام کو بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے