لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں رہائشی مسائل کے حل کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری دے دی ہے، جس سے جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہنے والے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروجیکٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت، اہداف اور آئندہ حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جون 2026ء تک 1 لاکھ 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا، اور متعلقہ اداروں کو رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت 1 ہزار 531 پلاٹوں کی الاٹمنٹ بھی منظور کی گئی، جس سے بے گھر اور کم آمدن افراد کے لیے گھر بنانے کا خواب حقیقت میں بدلے گا۔ حکام کے مطابق پنجاب بھر میں اس وقت 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں اور اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جو ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اقدام ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گھر صرف اینٹوں کا ڈھانچہ نہیں بلکہ خاندان کے تحفظ، عزت اور مستقبل کی ضمانت ہے، اور قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور آسان بنایا جائے تاکہ مستحق افراد بلا رکاوٹ فائدہ اٹھا سکیں۔