کراچی (کیو این این ورلڈ) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کر گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران 1700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار 768 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ جن اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ان میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری کا شعبہ شامل ہے، جبکہ حبکو، ماری، پول، پی پی ایل، پی اے او ایس، ایس ایس جی سی، وافی، ایچ بی ایل، میزان بینک، نیشنل بینک اور ایم سی بی کے شیئرز مثبت زون میں دکھائی دیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 2653 پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 62 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا تھا۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس غیر معمولی تیزی کی بڑی وجہ رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں پالیسی ریٹ یعنی شرح سود میں مزید کمی کی توقع ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا حوصلہ بڑھا ہے اور وہ مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر خریداری کر رہے ہیں جس کے باعث انڈیکس روز بروز نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے