لندن (ویب ڈیسک): میئر لندن صادق خان کا کنجیشن چارج میں اضافے اور الیکٹرک گاڑیوں کی رعایت ختم کرنے کا اعلان
میئر لندن صادق خان نے شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور رش میں کمی لانے کے لیے کنجیشن چارج (ٹریفک فیس) میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب الیکٹرک گاڑیوں پر حاصل مکمل رعایت ختم کر دی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق آج سے الیکٹرک گاڑیوں پر بھی کنجیشن چارج لاگو ہو گیا ہے، تاہم 2 جنوری 2026 سے ایک نیا رعایتی نظام نافذ العمل ہوگا جس کے لیے ‘آٹو پے’ میں رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت الیکٹرک کاروں کو 25 فیصد جبکہ بڑی الیکٹرک وینز اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی، لیکن مکمل استثنیٰ اب ماضی کا قصہ بن چکا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق روزانہ کنجیشن چارج کی شرح بھی 15 پاؤنڈ سے بڑھا کر 18 پاؤنڈ کر دی گئی ہے، جبکہ مقررہ وقت کے بعد ادائیگی کی صورت میں یہ چارج 21 پاؤنڈ تک وصول کیا جائے گا۔ میئر لندن صادق خان نے ان تبدیلیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ لندن کی معیشت کی بہتری کے لیے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ‘کلینر وہیکل ڈسکاؤنٹ’ کا منصوبہ اپنی ابتدا ہی سے عارضی تھا جسے اب موجودہ ضرورتوں کے مطابق تبدیل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر شہریوں اور ٹرانسپورٹ مالکان کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم انتظامیہ کا موقف ہے کہ اس سے شہر میں فضائی آلودگی اور ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔