کیچ (حبیب غلامانی): ضلع کیچ کے عوام اور تاجروں کے لیے بڑی خوشخبری، سوراپ بارڈر سے پاک ایران سرحدی تجارت کی بحالی کا اعلان

ضلع کیچ کے عوام اور پاک ایران سرحدی تجارت سے وابستہ کاروباری برادری کے لیے ایک بڑی کامیابی سامنے آئی ہے، جہاں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی مسلسل اور سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں پاک ایران بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے کے مطابق پاک ایران سرحدی تجارت کے اہم مقام سوراپ (مند پوائنٹ فلر نمبر 214) کو کل 28 دسمبر 2025 سے باقاعدہ طور پر کھول دیا جائے گا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ٹرائل کے طور پر 50 گاڑیوں کی فہرست جاری کی جائے گی، جس کے بعد حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مرحلہ وار اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور اسے روزانہ 600 گاڑیوں تک لے جایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد سرحدی تجارت کو فروغ دے کر مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ان عوامی مشکلات میں کمی لانا ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے تجارتی بندش کے باعث پیدا ہوئی تھیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سرحدی تجارت کی بحالی سے علاقے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مقامی تاجروں کو قانونی طریقے سے اپنا کاروبار آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ کاروباری حضرات اور عوام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سرحد پار آمد و رفت اور تجارت کے لیے جاری کردہ سرکاری ضابطہ کار (SOPs) پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ تجارتی عمل کو شفاف اور بلا تعطل برقرار رکھا جا سکے۔ اس اہم پیش رفت کو عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور اسے علاقے کی معاشی خوشحالی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے