امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی کے لیے ایک نیا اور پرکشش پروگرام متعارف کرواتے ہوئے پیشکش کی ہے کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑ کر اپنے وطن واپس جائیں گے، انہیں نہ صرف ہوائی جہاز کا مفت ٹکٹ دیا جائے گا بلکہ 3 ہزار ڈالر کی نقد رقم بھی فراہم کی جائے گی۔ یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد سال کے آخر تک غیر قانونی تارکین وطن کی خود ساختہ جلاوطنی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جو غیر ملکی تارکین وطن ‘CBP Home’ ایپ کے ذریعے خود کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے سائن اپ کریں گے، وہ اس مالی امداد اور سفری سہولت کے حقدار ٹھہریں گے۔ انتظامیہ نے اس سے قبل دی جانے والی ایک ہزار ڈالر کی رقم کو بڑھا کر اب 3 ہزار ڈالر کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے اس حوالے سے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جو تارکین وطن اس رضاکارانہ پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے، انہیں گرفتاری کے بعد جبری ملک بدری اور امریکہ میں دوبارہ داخلے پر مستقل پابندی جیسے سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری سے اب تک تقریباً 1.9 ملین غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر وطن واپس جا چکے ہیں اور ہزاروں افراد پہلے ہی ‘CBP ہوم پروگرام’ کا استعمال کر رہے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ اقدام غیر قانونی ہجرت کے خاتمے اور سرحدی انتظام کو بہتر بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ملک بدری کے عمل کو انسانی ہمدردی اور مالی معاونت کے ساتھ مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے