قاضی احمد (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار) قومی شاہراہ پر قاضی احمد ٹول پلازہ کے قریب موٹر وے پولیس کی مبینہ غفلت اور اچانک گاڑی رکوانے کی کوشش ایک بڑے حادثے کا سبب بن گئی، جس کے نتیجے میں دنبوں اور بکریوں سے بھرا ہوا تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گیا۔ حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ ٹرالر میں لوڈ تقریباً 300 سے زائد دنبے اور بکریاں موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں جبکہ درجنوں جانور شدید زخمی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹرالر کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ طریقے سے اچانک رکنے کا اشارہ کیا گیا جس کے باعث ڈرائیور گاڑی کا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور بھاری بھرکم ٹرالر الٹ گیا، جس کے فوراً بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور راہگیر بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں، جس کے دوران ملبے تلے دبے زخمی جانوروں کو نکالنے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے کلیئر کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

اس حادثے میں قیمتی مویشیوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکت سے مالکان کو کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس پر متاثرہ مالکان نے موٹر وے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ متاثرین نے حکومت سے فوری مالی امداد کی اپیل بھی کی ہے تاکہ ان کے اس بھاری نقصان کا ازالہ ہو سکے۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے کرین کے ذریعے ٹرالر کو ہٹا کر ٹریفک بحال کرائی، جبکہ پولیس کی جانب سے حادثے کی اصل وجوہات اور اہلکاروں کے کردار سے متعلق تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے