لاہور (کیو این این ورلڈ)پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ تمام 10 وکٹیں اسپنرز کے ذریعے حاصل کیں۔
ہفتے کو سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے، جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف 16 اوورز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی اسپنرز نے تمام وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور شاداب خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے دو اور صائم اور نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔
ماہرین کے مطابق یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں اننگز کی تمام وکٹیں اسپنرز کے نام ہونے کا مجموعی طور پر 10 واں موقع ہے، اور فل ممبرز کے درمیان میچ کا صرف دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل صرف بھارتی اسپنرز نے 2022 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تمام 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کی اسپننگ قوت کی پذیرائی عالمی سطح پر ہو رہی ہے اور کرکٹ شائقین نے اس کارنامے کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحے کے طور پر یاد رکھا ہے۔