قصور (بیوروچیف طارق نوید سندھو) الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج چک نمبر 17 تحصیل چونیاں میں سالانہ رزلٹ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں لاہور سے چائنیز یونیورسٹی کے کنسلٹنٹ سر عمر بشیر نے اپنی ٹیم بشمول میڈم کائنات، میڈم عروج اور میڈم ثمرہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سر عمر بشیر نے سکول کے ڈائریکٹر و پرنسپل سر کاشف ندیم کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دور افتادہ علاقے میں بچوں کو دنیا کی جدید ترین تعلیم، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا اور تمام بچوں کو کمپیوٹر کی مفت تعلیم فراہم کرنا ایک قابلِ ستائش اقدام ہے جو علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔
تقریب میں موجود چیئرمین ہارون خان اور علاقے کے دیگر معززین نے بھی سکول کے معیارِ تعلیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الظفرہ ہائی سکول اس علاقے کا سب سے خوبصورت اور اعلیٰ معیار کا حامل ادارہ ہے جہاں ان کے بچے جدید تقاضوں کے مطابق زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ سر تصور ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سر کاشف ندیم کی بیٹیوں کی تعلیم کے لیے کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں، انہوں نے گردونواح کی طالبات کے لیے ایک مکمل، محفوظ اور پرسکون تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین سٹاف اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ والدین نے ادارے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔