دبئی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات میں آج جنگی جہازوں کا ایک عظیم الشان فضائی مارچ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد چار سال قبل حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کی یاد منانا اور قومی دفاع کے عزم کو دہرانا ہے۔ اس فضائی مارچ میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں، جو پورے ملک کی فضائی حدود میں پرواز کریں گے۔ یہ مارچ وفاقی دارالحکومت ابوظبی سے شروع ہو کر ملک کی تمام ریاستوں سے گزرے گا تاکہ ملک بھر میں یکجہتی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج صبح 11 بجے اماراتی قومی ترانے کی گونج میں اس فضائی مظاہرے کا مشاہدہ کریں اور اپنے وطن کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔ واضح رہے کہ چار سال قبل حوثیوں کے اس بزدلانہ حملے میں تین افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں ایک پاکستانی محنت کش معمور خان بھی شامل تھے جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان گنوائی تھی۔ یہ فضائی مارچ ان تمام شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور اس عزم کا اعادہ کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے کہ اماراتی دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔