احمدپور شرقیہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ کے علاقے مہراب والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 54 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ 88 فیصد جھلس گئیں۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی گورنمنٹ سکول مہراب والا کے قریب جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا۔
ریسکیو اسٹاف کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیٹے نے بیان دیا کہ گھر میں کسی قسم کی لڑائی یا جھگڑا نہیں ہوا تھا، تاہم ان کی والدہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے تعویز اور عاملانہ عمل کروایا گیا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق اسی ذہنی کیفیت کے تحت خاتون نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔
ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ میں ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کی حالت نازک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر بہاول پور وکٹوریہ ہسپتال (BVH) ریفر کر دیا، جہاں وہ برن یونٹ میں زیر علاج ہیں۔
ریسکیو رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم کا تقریباً 88 فیصد حصہ شدید طور پر جھلس چکا ہے، جس میں زیادہ تر جلنے کی نوعیت Superficial (جلد کی سطحی مگر وسیع جلن) بتائی جا رہی ہے۔
متاثرہ خاتون کی شناخت سکینہ بی بی زوجہ خادم حسین، عمر 54 سال کے طور پر ہوئی ہے، جو بستی رنگ پور، مہراب والا، احمدپور شرقیہ کی رہائشی ہیں۔