اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 730 ملین ڈالر کے دو بڑے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط
حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مجموعی طور پر 730 ملین ڈالر مالیت کے دو انتہائی اہم منصوبوں پر دستخط ہو گئے ہیں، جن کا مقصد ملک کے توانائی کے شعبے میں بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو فعال بنانا ہے۔ وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق پہلے معاہدے کے تحت 330 ملین ڈالر کی لاگت سے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبہ شروع کیا جائے گا جو مستقبل میں پن بجلی کے منصوبوں سے حاصل ہونے والی 2300 میگاواٹ بجلی کی ملک بھر میں قابلِ اعتماد ترسیل کو یقینی بنائے گا۔ اس منصوبے سے بجلی کے ترسیلی نظام میں موجود تکنیکی خامیاں دور ہوں گی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے دوسرے حصے کے طور پر سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی ٹرانسفارمیشن کے لیے 400 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ ترجمان اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے سرکاری ملکیتی اداروں کے حوالے سے وضع کردہ ایکٹ اور پالیسی پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ان اداروں کی کارکردگی اور نظم و نسق کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے اصلاحات کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کا اصلاحاتی پروگرام حکومتی کوششوں کو مزید تقویت دے گا اور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔