واشنگٹن: نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے دور میں امریکا آنے والے افغان شہریوں کی جانچ سست اور ناکافی رہی۔
تلسی گبارڈ کے مطابق آپریشن "الائیز ویلکم” کے تحت امریکا میں داخل ہونے والے 18 ہزار افغان شہریوں کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے، اور تمام متعلقہ ادارے اس معاملے میں متحرک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان 18 ہزار افغان شہریوں میں سے تقریباً 2 ہزار کے دہشت گرد تنظیموں سے براہ راست یا ممکنہ روابط ہیں۔ گبارڈ نے خدشہ ظاہر کیا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں امریکی سرزمین پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں ایسے افراد تلاش کر رہی ہیں جو ان کارروائیوں میں مدد فراہم کر سکیں۔
تلسی گبارڈ نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں غیر قانونی طور پر امریکا آنے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے ملکی سلامتی کے ادارے اس خطرے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔