لندن (کیو این این ورلڈ) برطانیہ اور بیلجیئم کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے ایک مشترکہ اور بڑی کارروائی کے دوران یورپ میں سرگرم افغان انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو ملک بدر کر دیا ہے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے مطابق اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں مرکزی ملزم ذیشان بنگش کو برطانیہ سے جبکہ دوسرے ملزم سیف الرحمان احمد زئی کو بیلجیئم سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، یہ دونوں ملزمان افغان شہری ہیں اور غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورک کا اہم حصہ سمجھے جاتے تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ ایران اور ترکیہ کے راستے لوگوں کو فرانس اور بیلجیئم پہنچانے اور پھر وہاں سے غیر قانونی طور پر برطانیہ منتقل کرنے میں ملوث تھا۔

نیشنل کرائم ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس خطرناک نیٹ ورک نے اب تک ہزاروں افراد کو غیر قانونی طور پر فرانس سے برطانیہ پہنچایا ہے، جس کے بدلے بھاری رقوم وصول کی جاتی تھیں۔ اس نیٹ ورک کی سرکوبی کے لیے بیلجیئم کی عدالت نے بھی سخت ترین قانونی کارروائی کی ہے اور گروہ کے 23 ارکان کو مجموعی طور پر 170 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کی ملک بدری اور نیٹ ورک کے ارکان کو ملنے والی سزاؤں سے انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی منظم گروہوں کو ایک واضح پیغام دیا گیا ہے، جبکہ برطانیہ اور یورپی ممالک کے درمیان سرحدوں کی نگرانی اور غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے تعاون مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے