ابوظہبی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات کی پولیس نے غیر ملکی رہائشیوں، بالخصوص اردو بولنے والوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں۔ پولیس کی جانب سے عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بعد ملبے کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے مکمل گریز کریں۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ملبے اور ڈرون کے ٹکڑوں (فریگمنٹس) سے دور رہیں۔ اماراتی پولیس نے واضح کیا ہے کہ گرے ہوئے مشتبہ ٹکڑوں کے قریب جانا یا انہیں ہاتھ لگانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے عوام واقعے کی جگہوں سے محفوظ فاصلہ اختیار کریں۔
ابوظہبی پولیس نے یہ انتباہی پیغام اردو کے علاوہ عربی، انگریزی، ہندی اور چینی زبانوں میں بھی جاری کیا ہے تاکہ تمام کمیونٹیز تک یہ معلومات پہنچ سکیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ چیز کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کیا جائے اور ایمرجنسی نمبر 999 پر کال کی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوامی سلامتی کو یقینی بنانا اور سوشل میڈیا پر افواہوں یا غیر ضروری معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں پر ہی یقین کریں۔