میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ) انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے دو الگ الگ افسوسناک ٹریفک حادثات میں ایک کمسن بچی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ حادثات کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ انڈس ہائی وے بریدارو اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث ایک کار الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کنڈھ کوٹ کا رہائشی سید سلیم شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ عبدالرحمان شاہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسرا افسوسناک واقعہ انڈس ہائی وے گھنورآباد کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار کی ٹکر سے 10 سالہ معصوم بچی نورالنسا سولنگی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد بچی کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

آخری اطلاعات تک دونوں واقعات کے حوالے سے کسی بھی قسم کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انڈس ہائی وے پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کا نوٹس لیا جائے اور تیز رفتاری پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے