ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز)پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد
ضلع ننکانہ صاحب میں پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر کاشف مختار عابد نے کہا کہ آبادی میں بے تحاشہ اضافہ قومی وسائل پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے، جس کے منفی اثرات تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں پر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آبادی میں اضافے کی رفتار پر قابو نہ پایا گیا تو معاشی اور سماجی مسائل مزید سنگین ہو جائیں گے۔
کاشف مختار عابد نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ فیصلے کریں اور خاندانی منصوبہ بندی کو اپنائیں تاکہ ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف بہتر معیارِ زندگی کی ضمانت ہے بلکہ یہ آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ آبادی کے مسئلے کا حل صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے عوامی شعور، سماجی آگاہی اور اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ایک خوشحال اور مستحکم معاشرے کی تشکیل کے لیے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی پیغام کو اپنے اپنے حلقوں تک پہنچائیں گے اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا عملی ثبوت دیں گے۔