اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان حکومتی اعلامیے کے ذریعے کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ان مذاکرات میں خطے میں درپیش صورتحال، کرکٹ کے تسلسل اور مختلف فریقین کے تحفظات پر غور کیا گیا۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا، جبکہ اس ضمن میں سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ ان مراسلات میں پاکستان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ موجودہ چیلنجز کے حل اور کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی نوٹ کیا۔ حکومت پاکستان نے کہا کہ برادر ملک بنگلادیش کی جانب سے اظہارِ تشکر کو نہایت گرمجوشی اور خلوص کے ساتھ قبول کیا جاتا ہے اور پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلادیش کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ آج شام وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ، خصوصاً مشکل اوقات میں، ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اس موقع پر سری لنکن صدر نے وزیراعظم سے موجودہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی۔
دوست ممالک کی درخواستوں اور بین الاقوامی کرکٹ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ہدایت کی کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اپنے شیڈول کے مطابق میچ میں شرکت کرے۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی اصل روح کے تحفظ، کھیل کے فروغ اور عالمی کرکٹ برادری کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے اختتام پر حکومت نے وزیراعظم اور پوری قوم کی جانب سے گرین شرٹس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔