اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)سری لنکا کے صدر انورا کمارا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دینے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ سری لنکن صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کی بدولت پاک بھارت میچ کو یقینی بنایا جا سکا، جو کھیل سے محبت رکھنے والوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس کے بعد سری لنکن صدر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انورا کمارا نے کہا کہ جس کھیل سے ہم سب محبت کرتے ہیں، اسے جاری رکھنے میں شہباز شریف نے مثبت کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
سری لنکن صدر نے اپنے پیغام میں اس امر پر مسرت کا اظہار بھی کیا کہ کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ منصوبے کے مطابق کھیلا جائے گا، جس سے شائقینِ کرکٹ کو بھرپور تفریح میسر آئے گی۔
اس سے قبل ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اوقات میں سری لنکا نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا تھا کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا جائے گا۔ سیاسی اور کھیلوں کے حلقوں میں اس پیش رفت کو خطے میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت سفارتی روابط کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔