سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ /رپورٹ: محمد جمال) سمبڑیال کی جامع مسجد السردار شریف و مدرسہ تعلیم القرآن میں گزشتہ روز شبِ برات کے مقدس موقع پر ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کی۔ محفل کا آغاز حافظ شیر علی نقشبندی نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا، جبکہ حافظ عبدالرحمان سروری سیفی نے انتہائی خوبصورت انداز میں نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر حافظ حسنین کریمی اور صاحبزادہ محمد جمال نقشبندی حمیدی سیفی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتوں کے نذرانے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ محفل کی زیرِ نگرانی حضرت علامہ مولانا صاحبزادہ قاری امیر علی نقشبندی نے کی، جبکہ امریکہ سے تشریف لائے ہوئے مہمانِ خصوصی عاشقِ رسول ملک محمد بلال نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت فرمائی۔
محفلِ پاک سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ مولانا قاری طیب نقشبندی نے شبِ برات کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے بیان میں عبادات اور شب بیداری کی ترغیب دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر قبلہ علامہ صاحب نے مملکتِ خداداد پاکستان کی خوشحالی، پاک افواج کی کامیابیوں اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کی آزادی کے لیے رقت آمیز دعا فرمائی۔ محفل کے مناظر انتہائی دیدہ زیب تھے اور شرکاء کے جوش و خروش نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے، جس پر مقامی عوام نے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔