مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی گئی ہے جسے ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسے اسی زبان میں بھرپور جواب دیا جائے گا، کیونکہ پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج بھی ہر کشمیری کا نعرہ ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری اپنے بچے تو قربان کر سکتے ہیں لیکن اپنی آزادی کا سودا کبھی نہیں کریں گے، اور ان کی یہ عظیم جدوجہد جلد رنگ لائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں بھارت کا گھمنڈ خاک میں مل چکا ہے اور سفارتی محاذ پر بھی بھارتی بیانیہ مکمل طور پر دفن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذلت آمیز شکست کے بعد اب بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، مگر پاکستان ہر محاذ پر اسے دندان شکن جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کے بقول، بھارت کے پاس اب اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو ایک ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بھارت اپنے توسیع پسندانہ عزائم ترک نہیں کرتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر سختی سے قائم ہے اور عالمی سطح پر مظلوموں کی آواز بنتا رہے گا۔