میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ) راڈھن کے سیوہانی چوک پر جتوئی اور سولنگی برادری کی جانب سے پولیس کے مبینہ ناروا سلوک اور ناانصافیوں کے خلاف شدید احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کی قیادت عبدالخالق جتوئی، عبدالحفیظ جتوئی، وقار علی جتوئی اور بابر علی جتوئی نے کی۔ مظاہرین نے سڑک کے وسط میں ٹائر نذرِ آتش کر کے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل کر دی، جس کے باعث مسافروں اور مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کا موقف تھا کہ راڈھن پولیس کی جانب سے ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی برتی جا رہی ہے اور پولیس کا رویہ انتہائی متعصبانہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس جرائم کی روک تھام اور انصاف کی فراہمی کے بجائے شہریوں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے، جس پر وہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس کے اعلیٰ حکام اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

دھرنے کے باعث سیوہانی چوک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور صورتحال کافی دیر تک کشیدہ رہی۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک پولیس اور مقامی انتظامیہ کے افسران مظاہرین کو منانے اور مذاکرات کے ذریعے دھرنا ختم کرانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک انہیں انصاف کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، ان کا احتجاجی عمل جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے