اوچ شریف (کیو این این ورلڈ) مدینہ الاولیاء اوچ شریف میں 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی و مقامی انتظامیہ کی جانب سے غیر معمولی خاموشی اور لاتعلقی دیکھنے میں آئی۔ ملک بھر میں جہاں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے گئے، وہیں اوچ شریف میں نہ تو کوئی سرکاری تقریب ہوئی اور نہ ہی کسی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ شہر میں کہیں بھی ایک بینر یا پلے کارڈ تک نظر نہیں آیا، جس پر شہریوں نے شدید حیرت اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی، پولیس اور ہسپتال انتظامیہ سمیت سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے بھی اس اہم قومی دن پر مکمل بے حسی کا مظاہرہ کیا۔ تعلیمی اداروں کو متحرک نہ کرنے اور کسی بھی سطح پر دعائیہ تقریب یا سیمینار منعقد نہ کروانے کو عوامی حلقوں نے سرکاری مشینری کی نااہلی قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے اہم ایام پر انتظامیہ کی خاموشی نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی ذمہ داری سے غفلت برتنے والے افسران کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ آئندہ ایسے قومی مواقع پر باضابطہ تقریبات اور بیداری مہم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اوچ شریف کو کسی بھی قومی معاملے میں اس طرح کی شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔